پاکستان اور برطانیہ نے پولیس ٹریننگ، حوالگی مجرمان، امیگریشن اور انسانی اسمگلنگ کی روک تھام کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔یہ اتفاقِ رائے آج اسلام آباد میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور برطانوی نیشنل کرائم ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل گریم بگّر کے درمیان ملاقات میں طے پایا۔
ملاقات میں حوالگی مجرمان اور دیگر شعبوں میں تعاون سے متعلق پانچ یادداشتوں (ایم او یوز) کو جلد حتمی شکل دینے پر بھی اتفاق کیا گیا۔دونوں فریقین نے انسدادِ منشیات فورس، نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی اور دیگر اداروں کے افسران کے تربیتی کورسز میں تعاون بڑھانے کا فیصلہ کیا۔
مزید برآں، بچوں کے خلاف آن لائن ہراسانی کے سدباب کے لیے مؤثر رابطہ کاری پر بھی اتفاق کیا گیا۔برطانوی نیشنل کرائم ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل نے اسلام آباد میں حالیہ خودکش حملے کی مذمت کرتے ہوئے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے پاکستان کی انسدادِ منشیات کی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ برطانیہ مختلف شعبوں میں حکومتِ پاکستان کے ساتھ تعاون کر رہا ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان دنیا بھر میں دہشت گردی کے خلاف استقامت کی علامت ہے۔ انہوں نے کہا کہ جدید تربیت اور فرانزک سہولیات قانون نافذ کرنے والے اداروں کی صلاحیتوں میں مزید اضافہ کر سکتی ہیں۔