پاکستان اور ایران کا دوطرفہ تعلقات کو مزید گہرا کرنے کے عزم کا اعادہ

پاکستان اور ایران کا دوطرفہ تعلقات کو مزید گہرا کرنے کے عزم کا اعادہ

پاکستان اور ایران نے تمام شعبوں میں باہمی تعاون کو فروغ دینے اور مشترکہ دلچسپی کے امور پر قریبی مشاورت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔یہ اتفاقِ رائے آج قائم مقام صدر سید یوسف رضا گیلانی اور ایران کی اسلامی مشاورتی اسمبلی کے اسپیکر ڈاکٹر محمد باقر قالیباف کے درمیان اسلام آباد میں ہونے والی ملاقات کے دوران ہوا۔

ملاقات میں دوطرفہ تجارت، مجموعی تعلقات، علاقائی صورتِ حال اور بین الاقوامی امور سمیت مختلف موضوعات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔قائم مقام صدر نے سیاسی مکالمے، معاشی روابط اور عوامی سطح پر رابطوں کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ پارلیمانی کمیٹیوں اور دوستی گروپوں کے درمیان باقاعدہ رابطہ سرحدی انتظام، انسدادِ منشیات اور زائرین کی سہولت جیسے امور پر تعاون کے فروغ میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پارلیمانی روابط باہمی سمجھ بوجھ کو آگے بڑھانے اور دونوں ممالک کے عوام کی فلاح کے لیے تعاون کو مضبوط بنانے کا مؤثر ذریعہ ہیں۔

قائم مقام صدر نے تعلیم، ثقافت اور نوجوانوں کے باہمی روابط کو فروغ دینے کے لیے تعلیمی اور طبی تعاون اور تبادلہ پروگرامز کے ذریعے مزید اشتراک پر بھی زور دیا۔ایرانی اسپیکر ڈاکٹر محمد باقر قالیباف نے اپنے خیالات میں کہا کہ ایران پاکستان کے ساتھ پارلیمانی اور اقتصادی تعلقات کو مزید وسعت دینے کا خواہاں ہے۔انہوں نے بتایا کہ ایران کا ایک پارلیمانی وفد جلد پاکستان میں ہونے والی بین‌الپارلیمانی اسپیکرز کانفرنس میں شرکت کرے گا۔

-- مزید آگے پہنچایے --