صدر مملکت آصف علی زرداری نے امن اور باہمی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے میڈیا ڈپلومیسی کے ذریعے قطر کے مثبت کردار کی تعریف کی ہے۔انہوں نے یہ بات آج دوحہ میں الجزیرہ میڈیا نیٹ ورک کے ڈائریکٹر جنرل ناصر بن فیصل بن خلیفہ الثانی سے ملاقات کے دوران کہی۔صدر مملکت نے ڈائریکٹر جنرل کا خیرمقدم کرتے ہوئے قطر کی میزبانی اور قطری قیادت، بالخصوص امیرِ قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی، وزیراعظم اور وزیرِ دفاع سے ہونے والی مفید ملاقاتوں کو سراہا۔
انہوں نے الجزیرہ کے عالمی کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس ادارے نے غیر جانب دار صحافت کو فروغ دینے اور اقوام کے درمیان باہمی تفہیم کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔صدر زرداری نے علاقائی اور بین الاقوامی معاملات پر قطر کے اصولی مؤقف کی تعریف کی، خصوصاً فلسطینی عوام کی مشکلات کے خاتمے اور غزہ میں قیامِ امن کے لیے قطر کی قیادت میں جاری کوششوں کو سراہا۔

الجزیرہ میڈیا نیٹ ورک کے ڈائریکٹر جنرل ناصر بن فیصل بن خلیفہ الثانی نے صدر مملکت سے ملاقات کے موقع پر شکریہ ادا کیا اور پاکستان کی جانب سے قطر کے ساتھ یکجہتی اور فلسطینی عوام کے حق میں مستقل حمایت کو سراہا۔انہوں نے بتایا کہ الجزیرہ کا ایک اعلیٰ سطحی وفد جلد پاکستان کا دورہ کرے گا تاکہ خطے اور عالمی امور پر پاکستان کے مؤقف کو براہِ راست سمجھا جا سکے۔ملاقات میں خاتونِ اول بی بی آصفہ بھٹو زرداری، چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور پاکستان کے سفیر برائے قطر بھی شریک تھے۔