حکومت سرمایہ کاری کے فروغ پر توجہ دے رہی ہے: وزیرِ خزانہ

حکومت سرمایہ کاری کے فروغ پر توجہ دے رہی ہے: وزیرِ خزانہ

وفاقی وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ حکومت برآمدات کے فروغ، سرمایہ کاری کے حصول اور عوامی و نجی شعبوں کے اشتراک کو مزید گہرا کرنے پر مرکوز ہے۔انہوں نے یہ بات آج اسلام آباد میں پاکستان فارماسیوٹیکل مینوفیکچررز ایسوسی ایشن (پی پی ایم اے) کے نو منتخب چیئرمین ڈاکٹر طاہر اعظم کی قیادت میں آنے والے اعلیٰ سطحی وفد سے ملاقات کے دوران کہی۔

وزیرِ خزانہ نے فارماسیوٹیکل شعبے کے توسیعی منصوبوں کے لیے مکمل تعاون کے عزم کا اظہار کیا اور برآمدات میں اضافہ اور مسابقتی صلاحیت کو بہتر بنانے کے لیے پی پی ایم اے کی فعال کاوشوں کو سراہا۔وفد نے فارم ایکس پاکستان کے قیام پر تبادلہ خیال کیا، جو ایک خصوصی فارماسیوٹیکل ایکسپورٹ پلیٹ فارم ہوگا، جس کا مقصد آئندہ تین برسوں میں تین ارب ڈالر اور اس کے بعد کے پانچ برسوں میں دس ارب ڈالر کی فارماسیوٹیکل برآمدات کا ہدف حاصل کرنے کے لیے حکمتِ عملی تیار کرنا اور اس پر عملدرآمد کرنا ہے۔وفد نے وزیرِ خزانہ کو بتایا کہ فارماسیوٹیکل برآمدات میں رواں سال 34 فیصد کی سالانہ بنیاد پر تاریخی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جو اب تک کی سب سے زیادہ شرح ہے۔

-- مزید آگے پہنچایے --