حکومت صحافت کی آزادی اور صحافیوں کی مالی تحفظ کے لیے عملی اقدامات جاری رکھے گی، وزیراطلاعات و نشریات

حکومت صحافت کی آزادی اور صحافیوں کی مالی تحفظ کے لیے عملی اقدامات جاری رکھے گی، وزیراطلاعات و نشریات

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ حکومت صحافت کی آزادی اور صحافیوں کی مالی تحفظ کے لیے عملی اقدامات جاری رکھے گی۔انہوں نے یہ بات آج اسلام آباد میں پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس، راولپنڈی اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس اور اسلام آباد پریس کلب کے نمائندہ وفد سے ملاقات کے دوران کہی۔

ملاقات میں صحافیوں کے تحفظ کے کمیشن کے قیام اور صحافیوں کی غیر قانونی برطرفیوں سمیت دیگر اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔عطا اللہ تارڑ نے وفد کو یقین دہانی کرائی کہ صحافیوں کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے گا اور صحافیوں کے تحفظ کے کمیشن کے قیام کا عمل آخری مراحل میں ہے۔

انہوں نے میڈیا اداروں کی جانب سے صحافیوں کی برطرفیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس معاملے کو میڈیا مالکان کے ساتھ اٹھایا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے میڈیا اداروں کے واجبات کی تاریخی ادائیگی کے باوجود ملازمین کی برطرفیاں افسوسناک ہیں۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ صحافیوں کے لیے صحت بیمہ کے نظام کو مزید وسیع اور مؤثر بنایا جائے گا تاکہ وہ بہتر سہولیات سے مستفید ہو سکیں۔انہوں نے وفد کو یقین دلایا کہ نیشنل پریس کلب پر حملے سے متعلق چارٹر آف ڈیمانڈ پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ صحافی برادری کے مسائل کا حل حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔وفد نے وزیر اطلاعات کا شکریہ ادا کیا اور مسائل کے حل کی یقین دہانی پر اطمینان کا اظہار کیا۔

-- مزید آگے پہنچایے --