پاکستان اور چین کا ہر موسمی شراکتی تعلق مزید مضبوط بنانے کا عزم

پاکستان اور چین کا ہر موسمی شراکتی تعلق مزید مضبوط بنانے کا عزم

پاکستان اور چین نے باہمی اعتماد، احترام اور علاقائی امن و خوشحالی کے مشترکہ وژن کی بنیاد پر ہر موسمی اسٹریٹجک تعاون کو مزید گہرا کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
یہ عزم دوحہ میں دوسرے ورلڈ سمٹ برائے سماجی ترقی کے موقع پر صدرِ پاکستان آصف علی زرداری اور چین کے نائب صدر ہان ژینگ کے درمیان ملاقات کے دوران ظاہر کیا گیا۔
دونوں رہنماؤں نے علاقائی اور بین الاقوامی فورمز پر باہمی دلچسپی کے امور پر قریبی تعاون جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔
صدر آصف علی زرداری نے اپنی حالیہ چین کے دورے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین آہنی بھائی اور ہر موسمی اسٹریٹجک شراکت دار ہیں۔ انہوں نے تمام چیلنجز کے دوران پاکستان کے لیے چین کی مستقل اور غیر متزلزل حمایت پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ چین کے ساتھ دوستی پاکستان کی خارجہ پالیسی کا بنیادی ستون ہے۔
صدر نے چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کے کامیاب نفاذ میں چین کے مسلسل تعاون کو سراہا، جو اب اعلیٰ معیار کی ترقی کے دوسرے مرحلے میں داخل ہو چکی ہے۔
چین کے نائب صدر ہان ژینگ نے یقین دلایا کہ چین سی پیک کے دوسرے مرحلے کے تحت پاکستان کی معاشی ترقی میں تعاون جاری رکھے گا، خاص طور پر ٹرانسپورٹ، بنیادی ڈھانچے، انفارمیشن ٹیکنالوجی، زراعت اور فنی تربیت کے شعبوں میں۔

-- مزید آگے پہنچایے --