فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا اردن کے بادشاہ سے ملاقات، پاکستان اور اردن کے تعلقات مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا اردن کے بادشاہ سے ملاقات، پاکستان اور اردن کے تعلقات مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار

پاک فوج کے سربراہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے آج مملکتِ اردن کے بادشاہ عبداللہ دوم ابن الحسین سے ملاقات کی۔ وہ سرکاری دورے پر اردن میں موجود ہیں۔ ملاقات کے موقع پر ولی عہد شہزادہ حسین بن عبداللہ دوم بھی موجود تھے۔ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا، خصوصاً دفاع اور سکیورٹی کے شعبوں میں تعاون کے فروغ اور علاقائی صورتحال پر نقطہ نظر کے تبادلے پر گفتگو ہوئی۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پاکستان کی عوام، حکومت اور مسلح افواج کی جانب سے اردن کے بادشاہ کے لیے نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا اور دونوں برادر ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مزید گہرا کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔اردن کے بادشاہ عبداللہ دوم نے علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور خدمات کو سراہا اور دفاعی تعاون کو مزید مستحکم کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔

اس سے قبل فیلڈ مارشل عاصم منیر نے عمان میں اردن کی مسلح افواج کے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف میجر جنرل یوسف احمد الحنیطی سے بھی ملاقات کی۔فیلڈ مارشل کو جنرل ہیڈکوارٹرز آمد پر گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ ملاقات میں دونوں ممالک کی افواج کے درمیان تاریخی اور مضبوط تعلقات کے تسلسل پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔ میجر جنرل یوسف احمد الحنیطی نے بھی علاقائی امن اور استحکام کے لیے پاک فوج کے کردار کو سراہا۔

-- مزید آگے پہنچایے --