وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر مارکیٹوں، منڈیوں اور سہولت بازاروں میں صفائی، فوڈ سیفٹی اور سرکاری نرخ ناموں کی مؤثر نگرانی و آگاہی کیلئے حکمتِ عملی کے تحت عملدرآمد پلان تیار کر لیا گیا ہے۔
اس سلسلے میں سیکرٹری پرائس کنٹرول ڈاکٹر کرن خورشید کی زیر صدارت ایک خصوصی اجلاس منعقد ہوا جس میں پنجاب فوڈ اتھارٹی، پامرا اور سہولت بازار اتھارٹی کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ابتدائی مرحلے میں لاہور کی بڑی مارکیٹس، منڈیوں اور سہولت بازاروں میں صفائی، سہولتوں کی فراہمی اور نرخ ناموں کی مؤثر تنفیذ کے اقدامات کئے جائیں گے۔
ڈاکٹر کرن خورشید نے کہا کہ حکومت کی ترجیح نہ صرف صارفین کو ریلیف فراہم کرنا ہے بلکہ کاروباری برادری کے لئے بھی ایک شفاف اور منظم نظام فراہم کرنا ہے۔
پنجاب فوڈ اتھارٹی کو فوڈ سیفٹی کے ساتھ ساتھ صفائی کے معیار اور سرکاری نرخ ناموں کے نفاذ میں بھی شامل کرنے کی سفارش کی گئی ہے، جبکہ پامرا کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ تمام منڈیوں اور سبزی و پھلوں کے سٹالز پر سرکاری ریٹ لسٹوں کو نمایاں انداز میں آویزاں کرنے کے لئے فوری اقدامات کرے۔
سیکرٹری پرائس کنٹرول نے پرائس لسٹ کے نئے ڈیزائن اور ان لسٹوں کو مارکیٹس کے باہر نمایاں مقامات پر آویزاں کرنے کے لئے تجاویز طلب کر لی ہیں، ان کا کہنا تھا کہ اس ماڈل کو لاہور سے شروع کر کے بعد میں صوبے بھر میں توسیع دی جائے گی۔
اجلاس میں ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید، پامرا اور سہولت بازار اتھارٹی کے نمائندے بھی شریک ہوئے، جنہوں نے حکومتی ویژن کو عملی جامہ پہنانے کے لئے مشترکہ کوششوں پر اتفاق کیا۔