وطنِ عزیز کے دفاع کے دوران افغان حکومت کی بلااشتعال اور بزدلانہ جارحیت کا مقابلہ کرتے ہوئے جامِ شہادت نوش کرنے والے بارہ (12) شہداء کی نمازِ جنازہ آج چکلالہ گیریژن، راولپنڈی میں ادا کر دی گئی۔
نمازِ جنازہ میں چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وفاقی وزراء، گورنر خیبر پختونخوا، اعلیٰ سول و عسکری حکام، اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
اس موقع پر وفاقی وزیرِ دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا کہ قوم ان عظیم سپوتوں کی قربانیوں کی ہمیشہ مقروض رہے گی، جنہوں نے وطن کی سرحدوں کے دفاع میں اپنی جانیں قربان کیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ بہادر سپاہی طالبان حکومت اور افغانستان کی سرزمین سے کام کرنے والے بھارت نواز دہشت گردوں کی بزدلانہ اور غدارانہ کارروائیوں کے خلاف سینہ سپر ہو کر لڑے اور شہادت کا رتبہ پایا۔
وزیرِ دفاع نے مزید کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج، قوم کی مکمل حمایت کے ساتھ، ہر قسم کی جارحیت اور سازش کو ناکام بنانے کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں اور کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گی۔