پاکستانی بینکوں نے ایشیا پیسیفک ریجن میں کارکردگی کے تمام ریکارڈ توڑ دیے، رپورٹ

پاکستانی بینکوں نے ایشیا پیسیفک ریجن میں کارکردگی کے تمام ریکارڈ توڑ دیے، رپورٹ

پاکستانی بینکوں نے ایشیا پیسیفک ریجن میں کارکردگی کے تمام ریکارڈ توڑ دیے۔ ایس اینڈ پی گلوبل مارکیٹ انٹیلی جنس کی حالیہ رپورٹ کے مطابق، بینک آف پنجاب کو خطے کا سب سے کامیاب بینک قرار دیا گیا ہے، جس نے تیسری سہ ماہی میں 176.4 فیصد منافع کما کر سب کو حیران کر دیا۔

رپورٹ کے مطابق، بینک آف خیبر نے بھی غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 108 فیصد ریٹرن کے ساتھ دوسرا نمبر حاصل کیا۔پاکستان کے دیگر اہم بینکوں جن میں نیشنل بینک، جے ایس بینک، عسکری بینک اور حبیب بینک شامل ہیں، نے بھی بہترین نتائج کے ساتھ ٹاپ 15 بینکوں میں اپنی جگہ بنائی۔

ایس اینڈ پی گلوبل کے مطابق، بینک آف پنجاب نے 100 ملین ڈالر سے زائد مارکیٹ کیپ رکھنے والے بینکوں میں سب سے نمایاں کارکردگی دکھائی اور پورے ایشیا پیسیفک ریجن میں سرفہرست رہا۔رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ اگرچہ انڈونیشیا اور ویتنام کے کچھ بینکوں کی کارکردگی نمایاں رہی، تاہم پاکستانی بینکوں نے منافع اور ریٹرن کے میدان میں انہیں بھی پیچھے چھوڑ دیا۔مزید برآں، چین اور بھارت جیسے بڑے ممالک کے کئی بینک اس سہ ماہی میں خاطر خواہ نتائج نہ دے سکے۔

ایس اینڈ پی کے مطابق، پاکستان کی اسٹاک مارکیٹ میں مثبت رجحان اور مالیاتی پالیسیوں میں بہتری کے باعث بینکنگ سیکٹر کو نمایاں فائدہ پہنچا، جس نے ریٹرن میں اضافے کی راہ ہموار کی۔

-- مزید آگے پہنچایے --