کوالالمپور،وزیراعظم محمد شہبازشریف کو پی ایچ ڈی کی اعزازی ڈگری سے نوازا گیا

کوالالمپور،وزیراعظم محمد شہبازشریف کو پی ایچ ڈی کی اعزازی ڈگری سے نوازا گیا

وزیراعظم شہباز شریف کوبین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی ملائیشیا کی جانب سے لیڈرشپ اینڈ گورننس میں پی ایچ ڈی کی اعزازی ڈگری سے نوازا گیا ہے۔کوالالمپور میں ایک تقریب میں ملائیشیا کی ریاست پہانگ کی ملکہ اور بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی ملائیشیا کی آئینی سربراہ تنکو عزیزہ امینہ میمونہ سکندریہ نے وزیراعظم کو اعزازی ڈگری دی۔وزیراعظم نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ علم کی اس درسگاہ سے ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری حاصل کرنا ان کے لیے بڑے اعزاز کی بات ہے۔انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی ملائیشیا اور پاکستان کے اعلی تعلیمی اداروں کے درمیان تعلیمی شراکت داری اور تعاون پر مبنی تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔

شہباز شریف نے کہا کہ انہوں نے ہمیشہ خلوص نیت اور غیر متزلزل عزم کے ساتھ عوام کی خدمت کرنے کی کوشش کی ہے۔اس موقع پر تنکو عزیزہ امینہ میمونہ سکندریہ نے وزیر اعظم شہباز شریف کے وژن اور قیادت کو سراہا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان طویل عرصے سے ملائیشیا کابرادر ملک ہے جبکہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں یہ رشتہ مزید مضبوط ہوا ہے۔

وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملائیشیا کے سرکاری دورے کے دوران ملائیشیا کی ریاست پہانگ کی ملکہ تُنکو عزیزہ امینہ میمونہ سکندریہ کی طرف سے ڈاکٹر آف لیڈرشپ اینڈ گورننس کی اعزازی ڈگری سے نوازا جانا حقیقی طور پر باعث اعزاز ہے۔اپنے ایکس ہینڈل پر ایک پوسٹ میں، وزیر اعظم نے نہایت عاجزی کے ساتھ کہاکہ میں پاکستان کے عوام کی جانب سے یہ اعزاز پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان گہرے علمی اور ثقافتی تعلقات سمیت عوامی روابط کی علامت کے طور پر قبول کرتا ہوں۔

-- مزید آگے پہنچایے --