یوسف رضا گیلانی دولتِ مشترکہ کی 68ویں پارلیمانی کانفرنس میں پاکستان کے وفد کی قیادت کریں گے

یوسف رضا گیلانی دولتِ مشترکہ کی 68ویں پارلیمانی کانفرنس میں پاکستان کے وفد کی قیادت کریں گے

چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی دولتِ مشترکہ کی 68ویں پارلیمانی کانفرنس میں شرکت کے لیے بارباڈوس (ویسٹ انڈیز) روانہ ہوں گے، جہاں وہ پاکستانی پارلیمانی وفد کی قیادت کریں گے۔یہ اہم کانفرنس 5 تا 12 اکتوبر منعقد ہو رہی ہے، جس میں دنیا بھر سے دولتِ مشترکہ کے رکن ممالک کے اسپیکرز، اراکینِ پارلیمنٹ اور نمائندگان شرکت کر رہے ہیں۔کانفرنس کا مقصد جمہوریت کے استحکام، بہتر طرزِ حکمرانی، عوامی نمائندگی کے فروغ اور بین الپارلیمانی تعاون کو فروغ دینا ہے۔

یوسف رضا گیلانی کانفرنس کے موقع پر مختلف عالمی پارلیمانی رہنماؤں، قانون سازوں اور نمائندگان سے دو طرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے، جن میں دوستی، پارلیمانی شراکت داری، عوامی روابط اور علاقائی تعاون کو فروغ دینے پر بات چیت کی جائے گی۔چیئرمین سینیٹ کانفرنس کے ایک اہم اجلاس کی صدارت بھی کریں گے، جس میں وہ پاکستان کی امن، جمہوری اداروں کے استحکام اور علاقائی و عالمی سطح پر تعمیری مکالمے میں فعال کردار کو اجاگر کریں گے۔

یوسف رضا گیلانی اجلاس میں پاکستان میں حالیہ سیلابوں اور شدید بارشوں کے باعث پیدا ہونے والے انسانی و ماحولیاتی بحران پر بھی عالمی برادری کی توجہ مبذول کروائیں گے۔وہ اس بات پر زور دیں گے کہ موسمیاتی انصاف کا مطالبہ وقت کی اہم ضرورت ہے، اور ایسے متاثرہ ممالک کے لیے عالمی تعاون اور حمایت میں اضافہ ناگزیر ہے۔

-- مزید آگے پہنچایے --