وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ برطانیہ میں مقیم پاکستانی برادری دونوں ممالک کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے اور پاکستان ان تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔وہ پیر کے روز اسلام آباد میں برطانوی رکن پارلیمنٹ لارڈ شفق محمد سے ملاقات کر رہے تھے، جنہوں نے ان سے خصوصی ملاقات کی۔ملاقات کے دوران پاکستان اور برطانیہ کے دو طرفہ تعلقات، باہمی دلچسپی کے امور اور تارکین وطن سے متعلق معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
محسن نقوی نے کہا کہ پاکستانی نژاد برطانوی شہری دونوں ممالک کے درمیان ایک مؤثر پل کا کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ بیرون ملک کسی بھی پاکستانی کی مجرمانہ سرگرمی ناقابلِ قبول ہے، اور ایسے افراد کو وطن واپس لانے کے لیے پاکستان پُرعزم ہے، سوائے ان کے جنہوں نے اپنی پاکستانی شہریت ترک کر دی ہو۔اس موقع پر لارڈ شفق محمد نے یقین دہانی کرائی کہ وہ پاکستان اور برطانیہ کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کرتے رہیں گے۔