وزیراعظم شہباز شریف سرکاری دورے پر کوالالمپور پہنچ گئے

وزیراعظم شہباز شریف سرکاری دورے پر کوالالمپور پہنچ گئے

وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف ملائیشیا کے سرکاری دورے پر کوالالمپور پہنچ گئے ہیں، جہاں وہ ملائیشین قیادت سے اہم ملاقاتیں اور مذاکرات کریں گے۔وزیراعظم کی آمد پر کوالالمپور کے بونگا رایا انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ملائیشیا کے وزیر مواصلات فاہمی فاضل، ملائیشیا میں پاکستان کے ہائی کمشنر سید احسن رضا شاہ اور دیگر سفارتی حکام نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ وزیراعظم کو شاہی پروٹوکول کے ساتھ ان کی رہائش گاہ پہنچایا گیا۔وزیراعظم کی رہائش گاہ پر ان کے ملائیشین ہم منصب انور ابراہیم نے خود ان کا استقبال کیا اور گرمجوشی سے خوش آمدید کہا۔

اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ وہ ملائیشیا آکر نہایت خوش ہیں اور اس پرتپاک میزبانی پر وزیراعظم انور ابراہیم کے شکر گزار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ دورہ پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرے گا۔وزیراعظم کے ہمراہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ، اور وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی بھی موجود ہیں۔وزیراعظم شہباز شریف کا یہ دورہ وزیراعظم انور ابراہیم کی دعوت پر عمل میں آیا ہے۔

دورے کے دوران دونوں وزرائے اعظم کے درمیان ون آن ون ملاقات کے ساتھ ساتھ وفود کی سطح پر مذاکرات بھی ہوں گے۔ اس موقع پر دو طرفہ تعاون کو فروغ دینے کے لیے مختلف شعبوں میں مفاہمت کی یادداشتوں اور معاہدوں پر دستخط کیے جائیں گے۔دونوں ممالک کے رہنما تجارت، آئی ٹی و ٹیلی کام، حلال انڈسٹری، سرمایہ کاری، تعلیم، توانائی، انفراسٹرکچر اور ڈیجیٹل معیشت جیسے شعبوں میں تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کریں گے۔

اس کے علاوہ عوامی روابط بڑھانے اور نئے مواقع تلاش کرنے پر بھی گفتگو کی جائے گی۔وزیراعظم شہباز شریف کا یہ دورہ پاکستان اور ملائیشیا کے مابین گہرے دوستانہ اور باہمی اعتماد پر مبنی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں سنگ میل ثابت ہوگا۔

-- مزید آگے پہنچایے --