وزیراعظم محمد شہباز شریف آج سے ملائیشیا کے تین روزہ سرکاری دورے پر روانہ ہو رہے ہیں۔ یہ دورہ ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم کی دعوت پر کیا جا رہا ہے۔دورے کے دوران وزیراعظم اپنے ملائیشین ہم منصب سے دو طرفہ مذاکرات کریں گے جن میں علاقائی و عالمی امور، باہمی تعاون اور مختلف شعبہ جات میں شراکت داری کے فروغ پر بات چیت کی جائے گی۔
خصوصی توجہ تجارت، آئی ٹی، ٹیلی کمیونی کیشن، حلال انڈسٹری، سرمایہ کاری، تعلیم، توانائی، انفراسٹرکچر، ڈیجیٹل معیشت اور عوامی روابط جیسے شعبوں میں تعاون کے فروغ پر دی جائے گی۔وزیراعظم اور انور ابراہیم کی موجودگی میں مختلف معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کی تقاریب بھی ہوں گی۔
یہ دورہ پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان قریبی دوستانہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور خطے میں امن، ترقی و خوشحالی کے لیے مشترکہ کاوشوں کا عکاس ہے۔وزیراعظم کے ہمراہ ایک اعلیٰ سطحی وفد بھی ملائیشیا جا رہا ہے، جس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزراء اور سینئر حکام شامل ہیں۔