پاکستان اور ملائیشیا نے بدلتے ہوئے علاقائی سیکیورٹی حالات کے تناظر میں دفاعی تعلقات کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
یہ عزم ملائیشیا کے چیف آف ڈیفنس فورسز جنرل تان سری حاجی محمد نظام بن حاجی جعفر اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا کے درمیان راولپنڈی میں بدھ کے روز ہونے والی ملاقات میں کیا گیا۔
ملاقات کے دوران دونوں جانب سے عالمی اور علاقائی سیکیورٹی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، اور دفاعی و سیکیورٹی شعبوں میں باہمی مفاد پر مبنی تعاون کے نئے امکانات تلاش کرنے کی اہمیت پر زور دیا گیا۔
ملائیشین جنرل نے پاکستان کی مسلح افواج کے پیشہ ورانہ معیار، دہشت گردی کے خلاف ان کی قربانیوں اور خطے میں امن و استحکام کے لیے جاری کوششوں کو سراہا۔
اس سے قبل، جوائنٹ اسٹاف ہیڈ کوارٹرز آمد پر معزز مہمان کو تینوں مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔