وزیراعظم شہباز شریف نے نیویارک میں منعقدہ عرب-اسلامی سربراہ اجلاس میں شرکت کی، جس کی میزبانی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور امیرِ قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی نے مشترکہ طور پر کی۔سربراہ اجلاس سے قبل وزیراعظم شہباز شریف نے امیرِ قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی، اردن کے بادشاہ عبداللہ دوم، اور انڈونیشیا کے صدر پرابوو سبیانتو سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ ان ملاقاتوں میں خوشگوار مصافحے، غیر رسمی گفتگو اور اہم بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال ہوا۔
اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان غیر رسمی ملاقات بھی ہوئی، جس میں دونوں رہنماؤں نے گرمجوشی سے ایک دوسرے کا خیرمقدم کیا اور خوشگوار ماحول میں مختصر بات چیت کی۔اجلاس کے دوران نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار بھی وزیراعظم کے ہمراہ موجود تھے۔یہ اجلاس عالمی سطح پر مسلم ممالک اور مغربی قیادت کے درمیان مکالمے اور تعاون کو فروغ دینے کے لیے ایک اہم موقع قرار دیا جا رہا ہے۔