چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا نے کہا ہے کہ پاکستان اور بحرین کے درمیان مضبوط اور برادرانہ دوطرفہ تعلقات موجود ہیں، جو وقت کے ساتھ مزید مستحکم ہو رہے ہیں۔وہ اسلام آباد میں "کنگ حمد انسٹیٹیوٹ آف نرسنگ اینڈ ایسوسی ایٹڈ میڈیکل سائنسز” کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر بحرین نیشنل گارڈ کے کمانڈر جنرل شیخ محمد بن عیسیٰ بن سلمان آل خلیفہ سمیت سینئر عسکری اور سول حکام بھی موجود تھے۔جنرل ساحر شمشاد مرزا نے کہا کہ اس ادارے کا قیام پاکستان میں طبی تعلیم کے فروغ کی جانب ایک اہم سنگ میل ہے۔ انہوں نے اُمید ظاہر کی کہ یہ ادارہ پیشہ ور، ہنرمند اور باصلاحیت طبی عملہ تیار کرے گا جو نرسنگ اور متعلقہ طبی شعبوں میں نئے معیارات قائم کرے گا۔انہوں نے بحرین کی جانب سے پاکستان کے طبی شعبے میں تعاون کو سراہا اور اسے دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ دوستی اور اعتماد کی علامت قرار دیا۔
