پاکستان اور یورپی یونین کا اقتصادی شراکت داری مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار

پاکستان اور یورپی یونین کا اقتصادی شراکت داری مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار

پاکستان اور یورپی یونین نے اقتصادی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے اور تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

یہ اتفاق وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور یورپی یونین کے نومنتخب سفیر ریمونڈس کاروبلس کے درمیان آج اسلام آباد میں ہونے والی ملاقات کے دوران ہوا۔

ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور خصوصاً اقتصادی تعاون بڑھانے اور پاکستان و یورپی یونین کے درمیان دو طرفہ تجارت و سرمایہ کاری کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر خزانہ نے یورپی کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ تیل و گیس، معدنیات، اطلاعاتی ٹیکنالوجی اور زراعت کے شعبے سرمایہ کاری کے وسیع مواقع فراہم کرتے ہیں۔

انہوں نے یورپی یونین-پاکستان بزنس فورم کو فعال بنانے کے منصوبے کا خیرمقدم کیا اور مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

محمد اورنگزیب نے بتایا کہ حالیہ دنوں میں تینوں عالمی کریڈٹ ریٹنگ ایجنسیوں نے پاکستان کی معیشت کے بارے میں مثبت جائزے دیے ہیں، جو ملک کی اقتصادی بہتری اور بین الاقوامی اعتماد کی عکاسی کرتے ہیں۔

انہوں نے حالیہ سیلاب سے ہونے والے نقصانات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی و صوبائی حکومتیں امدادی سرگرمیاں اپنے وسائل سے انجام دے رہی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ فصلوں، سڑکوں، پلوں اور دیگر انفرااسٹرکچر کو پہنچنے والے نقصانات کا جائزہ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی اور سیٹلائٹ امیجری کے ذریعے لیا جا رہا ہے۔

یورپی یونین کے سفیر ریمونڈس کاروبلس نے بتایا کہ اس وقت تین سو سے زائد یورپی کمپنیاں پاکستان میں مختلف شعبوں میں کام کر رہی ہیں۔ انہوں نے باہمی تجارت اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا۔

انہوں نے پاکستان کی یورپی منڈیوں تک رسائی کے لیے جی ایس پی پلس اسکیم کو اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی 30 فیصد سے زائد برآمدات یورپی یونین کو جاتی ہیں۔

یورپی سفیر نے پاکستان میں سیلاب سے قیمتی جانوں کے ضیاع اور انفرااسٹرکچر کو پہنچنے والے نقصانات پر افسوس کا اظہار بھی کیا۔

-- مزید آگے پہنچایے --