پاکستان اور ایران باہمی تعاون سے علاقائی معیشت کو نئی بلندیوں تک لے جا سکتے ہیں: وزیر تجارت جام کمال

پاکستان اور ایران باہمی تعاون سے علاقائی معیشت کو نئی بلندیوں تک لے جا سکتے ہیں: وزیر تجارت جام کمال

 وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے کہا ہے کہ پاکستان اور ایران باہمی تعاون کے ذریعے خطے کی معیشت کو نئی بلندیوں تک پہنچا سکتے ہیں۔ وہ تہران میں منعقدہ پاک-ایران بزنس فورم سے خطاب کر رہے تھے۔

انہوں نے ایرانی وزیر برائے سڑکوں اور شہری ترقی فرزانہ صادق کی جانب سے پرتپاک میزبانی پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ دونوں ممالک کے عوام کو سرحدی منڈیوں بالخصوص مند-پشین سرحدی بازار کو فعال بنانے سے براہِ راست فائدہ ہوگا۔

جام کمال خان نے ایرانی کمپنیوں کو نومبر میں ہونے والی پاکستان ایگریکلچر ایکسپو میں شرکت کی خصوصی دعوت دی اور کہا کہ ایرانی سرمایہ کار پاکستان کے پانچ سالہ ترقیاتی منصوبے "اُڑان پاکستان” میں بے شمار مواقع سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاک-ایران دوستی تاریخی ہے، اور اب وقت آ گیا ہے کہ ہم اس رشتے کو اقتصادی تاریخ میں تبدیل کریں۔

ایرانی وزیر فرزانہ صادق نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان اور ایران کی معیشتیں مل کر خطے کی ترقی کا مرکز بن سکتی ہیں۔ انہوں نے فارماسوٹیکل، انجینئرنگ مصنوعات اور سیرامکس کے شعبوں میں مشترکہ منصوبوں میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور کہا کہ دونوں ممالک جلد 10 ارب ڈالر کی دوطرفہ تجارت کا ہدف حاصل کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔

انہوں نے پاکستان میں حالیہ سیلاب کے باعث قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا اور تعزیت پیش کی۔

فورم میں پاکستان اور ایران نے دوطرفہ تجارت میں اضافے، کسٹمز و ٹیرف رکاوٹوں کے خاتمے، تکنیکی تعاون کے فروغ اور مشترکہ اقتصادی زونز کے قیام پر اتفاق کیا۔ دونوں ممالک نے زرعی شعبے میں تعاون بڑھانے اور نئے تجارتی و سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے پر بھی گفتگو کی۔

-- مزید آگے پہنچایے --