پاکستان علاقائی امن کے لیے پُرعزم ہے: وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ

پاکستان علاقائی امن کے لیے پُرعزم ہے: وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ

 وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان علاقائی امن کے قیام اور اس کے فروغ کے لیے اپنا کردار بدستور ادا کرتا رہے گا۔

اسلام آباد میں انسٹیٹیوٹ آف ریجنل اسٹڈیز کے زیر اہتمام منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر ہمیشہ ہماری حکومت کی اولین ترجیح رہے گا، اور پاکستان کشمیری عوام کو اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت فراہم کرتا رہے گا۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کے اصولی مؤقف پر قائم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا دشمن دھوکہ دہی اور فریب کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جنوبی ایشیا میں ابھرتے بھارت کے جھوٹے تصور اور غنڈہ گردی کے کردار کو پاکستان نے نہایت مؤثر انداز میں بے نقاب کیا۔ چار روزہ جنگ کے دوران پاکستان کی جرات مندانہ حکمت عملی نے دنیا پر واضح کر دیا کہ بلا اشتعال بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دیا گیا، اور دشمن کو نہ صرف پسپا ہونا پڑا بلکہ جنگ بندی کی درخواست بھی کرنا پڑی۔

عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ بھارت کے ساتھ حالیہ چار روزہ جنگ کو پاکستان کی ایک تاریخی فتح کے طور پر ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

انہوں نے بھارتی رویے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے حالیہ دنوں میں کرکٹ جیسے کھیل کو بھی سیاست کی نذر کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے اپنی فوجی برتری ثابت کرتے ہوئے چھ بھارتی جنگی طیارے مار گرائے، اور ایک ایسی قوم جو اخلاقی اقدار سے خالی ہو، وہ ہمیشہ کھیل کے میدان میں ڈرامہ بازی کرے گی جب وہ عسکری میدان میں شکست کھا چکی ہو۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان ہر محاذ پر دشمن کے جھوٹ اور پروپیگنڈے کا حقائق اور عمل سے جواب دیتا رہے گا، کیونکہ ہماری بنیاد امن، اصول اور عوامی یکجہتی پر ہے۔

-- مزید آگے پہنچایے --