وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان ایران کے ساتھ تمام شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینا چاہتا ہے۔ وہ دوحہ میں ہنگامی عرب-اسلامی سربراہی اجلاس کے موقع پر ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پیزشکیان سے ملاقات کر رہے تھے۔
ملاقات کے دوران وزیراعظم نے قطر کے خلاف اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی قرار دیا۔ دونوں رہنماؤں نے قطر کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا اور مسلم اُمہ کے اتحاد پر زور دیا تاکہ اسرائیلی جارحیت کا مؤثر جواب دیا جا سکے۔
وزیراعظم نے کہا کہ عرب-اسلامی سربراہی اجلاس نے اسرائیلی جارحیت کے خلاف مسلم دنیا کی جانب سے ایک مضبوط اور متحد پیغام دیا ہے کہ اب اس ظلم کو مزید برداشت نہیں کیا جا سکتا۔
انہوں نے ایرانی صدر کے گزشتہ ماہ پاکستان کے دورے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات باہمی احترام اور تعاون پر مبنی ہیں، جنہیں ہر سطح پر مزید مضبوط بنایا جائے گا۔
صدر پیزشکیان نے فلسطین کے مسئلے پر پاکستان کے دوٹوک مؤقف کو سراہا اور کہا کہ وہ وزیراعظم پاکستان کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھنے کے خواہاں ہیں تاکہ پاک-ایران تعلقات کو مزید مستحکم کیا جا سکے۔
دونوں رہنماؤں نے خطے کی تیزی سے بدلتی صورتحال کے پیش نظر مسلسل رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔