وزیراعظم شہباز شریف نے مسلم اُمہ کے اتحاد کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے مشرقِ وسطیٰ میں اسرائیلی جارحیت کو فوری طور پر روکنے کا مطالبہ کیا ہے۔ وہ دوحہ میں ہنگامی عرب-اسلامی سربراہی اجلاس کے موقع پر امیرِ قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی سے ملاقات کر رہے تھے۔
وزیراعظم نے دوحہ کے رہائشی علاقے پر اسرائیلی حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس بربریت کے نتیجے میں قیمتی جانوں کا ضیاع اور کئی افراد زخمی ہوئے، جو نہ صرف انسانی حقوق بلکہ بین الاقوامی قوانین کی بھی سنگین خلاف ورزی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان قطر کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت پر حملے کو ناقابلِ قبول سمجھتا ہے اور ہر سطح پر قطر کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان اور قطر کے درمیان برادرانہ تعلقات کو تاریخی، مضبوط اور مسلسل مستحکم ہوتے رشتے قرار دیا اور کہا کہ یہ تعلقات آئندہ دنوں میں مزید مضبوط ہوں گے۔
امیرِ قطر نے مشکل وقت میں وزیراعظم پاکستان کے دوحہ آنے اور ہنگامی سربراہی اجلاس میں شرکت پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ دونوں رہنماؤں نے خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال کے تناظر میں قریبی رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔