صدرِ پاکستان آصف علی زرداری نے چین کے پائیدار، ماحولیاتی طور پر محفوظ اور قدرتی آفات سے محفوظ جدید ٹرانسپورٹ نظام، خصوصاً بجلی سے چلنے والی آلودگی سے پاک ٹرینوں اور زلزلے کی پیشگی وارننگ ٹیکنالوجیز پر چین کی کامیابیوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
صدرِ پاکستان نے یہ تاثرات چین کے شہر چینگدو سے میان یانگ تک تیز رفتار ریل گاڑی میں سفر کے دوران دیے، جو صرف 30 منٹ میں مکمل ہوا۔صدر زرداری نے چین کے ریل نظام کو “ریلوے انجینئرنگ کا شاہکار” قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ چین نے نہ صرف ٹیکنالوجی کے میدان میں بڑی پیشرفت کی ہے بلکہ ماحول دوست اور محفوظ سفری نظام کی ایک مثالی مثال قائم کی ہے۔
سفر کے دوران صدر کو ٹرین کے نظام، خدمات، حفاظتی اقدامات اور ماحولیاتی فوائد پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ حکام نے بتایا کہ چین اس وقت دنیا کا سب سے بڑا ہائی اسپیڈ ریل نیٹ ورک چلا رہا ہے، جس کی لمبائی 45,000 کلومیٹر سے تجاوز کر چکی ہے اور ہر سال دو ارب سے زائد مسافر اس نظام سے سفر کرتے ہیں۔ 350 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی یہ ٹرینیں چین کے تقریباً تمام بڑے شہروں کو آپس میں جوڑتی ہیں۔