سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے دو مختلف اضلاع میں کامیاب کارروائیاں کرتے ہوئے بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے فتنه الخوارج کے 35 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق باجوڑ میں انٹیلیجنس بنیاد پر آپریشن کیا گیا، جہاں سیکیورٹی فورسز نے خوارج کے ٹھکانے کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا۔ شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 22 بھارتی حمایت یافتہ دہشتگرد مارے گئے۔
دوسری کارروائی جنوبی وزیرستان میں کی گئی، جہاں مزید 13 خوارج کو جہنم واصل کیا گیا۔ تاہم، اس کارروائی کے دوران وطن کے 12 بہادر سپوتوں نے جام شہادت نوش کیا، جنہوں نے دشمن کے خلاف دلیری سے لڑتے ہوئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔
ہلاک دہشتگردوں سے بھاری تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا، جبکہ یہ خوارج علاقے میں متعدد دہشتگرد سرگرمیوں میں ملوث رہے ہیں۔
انٹیلیجنس رپورٹس نے ان ہولناک کارروائیوں میں افغان شہریوں کی براہِ راست شمولیت کی تصدیق کی ہے۔ فتنه الخوارج کی جانب سے افغان سرزمین کو پاکستان کے خلاف استعمال کرنا ایک سنگین اور مسلسل خطرہ بنا ہوا ہے۔
آئی ایس پی آر کے بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان، عبوری افغان حکومت سے توقع رکھتا ہے کہ وہ اپنی ذمہ داریاں پوری کرے اور اپنی سرزمین کو پاکستان کے خلاف دہشتگرد کارروائیوں کے لیے استعمال نہ ہونے دے۔مزید بھارتی حمایت یافتہ خوارج کی تلاش اور خاتمے کے لیے علاقے میں کلیئرنس اور سینیٹائزیشن آپریشنز جاری ہیں۔