ایشیاکپ ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ 2025 کے چوتھے میچ میں پاکستان نے عمان کو یکطرفہ مقابلے میں 93 رنز سے شکست دے کر ایونٹ میں فاتحانہ آغاز کر دیا۔
عمان کی ٹیم پاکستان کے 161 رنز کے تعاقب میں صرف 67 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔
دبئی میں کھیلے گئے گروپ اے کے میچ میں پاکستان کے کپتان سلمان علی آغا نے عمان کےخلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔
عمان کے خلاف میچ کیلئے پاکستان ٹیم میں صائم ایوب، صاحبزادہ فرحان، محمد حارث ، فخر زمان، سلمان علی آغا (کپتان)، حسن نواز، محمد نواز، فہیم اشرف، شاہین شاہ آفریدی، سفیان مقیم اور ابرار احمد شامل تھے۔
گرین شرٹس نے عمان کے خلاف پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 160 رنز بنائے۔
محمد حارث نے 66 رنز کی اننگز کھیلی، صاحبزادہ فرحان نے 29 رنز بنائے جبکہ فخر زمان نے 23 رنز ناٹ آؤٹ اسکور کیے۔
صائم ایوب اور کپتان سلمان علی آغا صفر پر آؤٹ ہوئے، محمد نواز نے 19 اور حسن نواز نے 9 رنز اسکور کیے۔
عمان کی جانب سے عامر کلیم اور شاہ فیصل نے 3،3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
پاکستان کے 161 رنز کے ہدف کے تعاقب میں عمان کی بیٹنگ لائن پاکستانی بولرز کا مقابلہ نہ کرسکی اور پوری ٹیم 17 ویں اوور میں صرف 67 رنز بناکر ڈھیر ہوگئی۔
عمان کی جانب سے حماد مرزا نے سب سے زیادہ 27رنز بنائے۔
پاکستان کی جانب سے فہیم اشرف، سفیان مقیم اور صائم ایوب نے 2،2 کھلاڑی آؤٹ کیے جبکہ ابرار احمد، محمد نواز اور شاہین آفریدی نے ایک، ایک وکٹ لی۔
واضح رہے کہ پاکستان اور عمان ایونٹ میں اپنا پہلا میچ کھیل رہے تھے۔گرین شرٹس اپنا دوسرا میچ اتوار کو بھارت کے خلاف کھیلیں گے۔