ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کے تیسرے میچ میں بنگلادیش نے ہانگ کانگ کو 7 وکٹ سے شکست دے دی۔ابوظبی میں کھیلےگئے ایشیا کپ گروپ بی کے مقابلے میں بنگلادیش کے کپتان لٹن داس نے ٹاس جیت کر ہانگ کانگ کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ہانگ کانگ نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7وکٹ پر 143رنز بنائے۔ہانگ کانگ کی جانب سے نزاکت خان 42 اور ذیشان علی 30 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔اس کے علاوہ یاصم مرتضیٰ نے 28، بابر حیات نے 14 رنز اسکور کیے۔
بنگلادیش کی جانب سے تسکین احمد، تنزیم حسن اور رشاد حسین نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔جواب میں بنگلادیش نے ہدف اٹھارہویں اوور میں تین وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔کپتان لٹن داس نے59 رنز کی اننگز کھیلی، توحید ردائے 35 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔
ہانگ کانگ کی جانب سے عتیق اقبال نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔بنگلادیش ایونٹ میں اپنا پہلا میچ کھیل رہا تھا جبکہ ہانگ کانگ کا یہ دوسرا میچ تھا۔ اس سے قبل ہانگ کانگ کو افغانستان کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔