پاکستان اور قازقستان نے اپنے دوطرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینے اور گہرا کرنے کے پختہ عزم کا اظہار کیا ہے۔ان خیالات کا اظہار نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور ان کے قازق ہم منصب مرات نورتیلو نے آج اسلام آباد میں وفود کی سطح پر بات چیت کے دوران کیا۔اپنے ابتدائی کلمات میں اسحاق ڈار نے اس بات پر زور دیا کہ اس دوطرفہ تعلقات کو بڑھانے اور اسے اگلی بلندی تک لے جانے کی بڑی گنجائش موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن، استحکام، ترقی اور خوشحالی کا مضبوط حامی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان قازقستان اور دیگر وسطی ایشیائی ریاستوں کے ساتھ مضبوط شراکت داری کا خواہاں ہے۔
اس موقع پر قازقستان کے نائب وزیر اعظم نے کہا کہ ہماری شراکت داری اور قابل اعتماد دوستی گہری ہے اور اس کی جڑیں مضبوط ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور قازقستان تعلقات وقت کا امتحان ہیں اور ان تعلقات کو وسعت دینے کی بھرپور صلاحیت موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد اس دوطرفہ تعلقات کو ایک نئی تحریک دینا ہے۔بعد ازاں نائب وزیراعظم اور ان کے قازق ہم منصب نے دونوں ممالک کی وزارت خارجہ کے درمیان تعاون کے لیے ایکشن پلان پر دستخط کیے۔