صدرآصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہبازشریف نے پاک بحریہ کی جرأت، پیشہ ورانہ مہارت اورقومی دفاع کے لئے خدمات پرخراج تحسین پیش کیا ہے۔ پاک بحریہ کے دن کے موقع پر انہوں نے اپنے پیغامات میں انیس سوپینسٹھ کی جنگ میں پاک بحریہ کے جرأت مندانہ کرداربالخصوص سومنات آپریشن کواجاگرکیا جو بھارت کی بندرگاہ دوارکاپر اُس کے دلیرانہ حملے کی یاد تازہ کرتا ہے۔
1965 کی جنگ کے دوران پاکستانی آبدوزپی این ایس ایم غازی پاکستان کی جنگی برتری کی علامت کے طورپرابھری اور دشمن کے ناپاک عزائم کواپنے کامیاب حملوں سے خاک میں ملادیا۔صدرمملکت نے پاک بحریہ کی جدت، اس کے کثیرالجہتی فورس تک ارتقاء اور ساحلی پٹی کے ساتھ اس کی نگرانی کی صلاحیت کونمایاں کیا ہے۔انہوں نے شہداء کی قربانیوں اورغازیوں کی استقامت کوخراج عقیدت پیش کیا اورسمندری سلامتی وعلاقائی امن یقینی بنانے کے لئے بحریہ کے کردارپراعتماد کاا ظہارکیا۔
وزیراعظم نے بھی پاک بحریہ کی حالیہ معرکہ حق میں کامیابی کی تعریف کی اوردفاع کے علاوہ اس کے بڑھتے ہوئے کردارپرزوردیا جس میں سمندری معیشت کافروغ، بندرگاہوں کی ترقی اور انسانی ہمدردی کی بنیاد پرامداد شامل ہے۔انہوں نے کہا کہ سمندری مواصلاتی گزرگاہوں کے تحفظ اور آفات کے دوران انسانی ہمدردی کی بنیادوں پر امداد کی فراہمی میں پاک بحریہ کے کردارنے دنیاکی اقوام میں پاکستان کے وقار اور عزت میں اضافہ کیا ہے۔