وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے عید میلاد النبی ﷺ بابرکت اور یومِ دفاع و شہداء کے قابلِ فخر مواقع پر امت مسلمہ اور پاکستانی قوم کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نبی کریم ﷺ کی ولادتِ باسعادت پوری کائنات کے لیے باعثِ رحمت و سعادت ہے، جبکہ پاکستان کے محافظ سپوت سرزمین کی عزت و وقار کا علم بلند رکھے ہوئے ہیں۔
عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں مریم نواز شریف نے کہا”سلام اُن پر جو رحمت للعالمینؐ ہیں، سلام اُن پر جو وجہ تخلیقِ کائنات ہیں، سلام اُن پر جو فخرِ موجودات ہیں۔”
وزیراعلیٰ نے کہا کہ نبی کریم ﷺ کی تعلیمات نے انسانیت کو جہالت کے اندھیروں سے نکال کر علم، اخلاق، مساوات اور عدل کے راستے پر گامزن کیا۔ آپ ﷺ نے امن و آشتی، احترامِ انسانیت، رواداری، معافی اور عدل و انصاف کا درس دیا۔ انہی اصولوں پر عمل پیرا ہو کر معاشرے سے ظلم، ناانصافی اور بدامنی کا خاتمہ ممکن ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ نبی اکرم ﷺ کی سیرت قرآن کی عملی تفسیر ہے۔ ریاست اور سیاست کی کامیابی سیرتِ طیبہ ﷺ کی روشنی میں ممکن ہے۔ ہمیں چاہیے کہ اپنی انفرادی اور اجتماعی زندگی کو حضور ﷺ کے اسوۂ حسنہ کے مطابق ڈھالیں، کیونکہ حقیقی کامیابی اسی میں ہے۔
یومِ دفاع و شہداء کے موقع پر اپنے پیغام میں مریم نواز شریف نے وطن کے دفاع میں جانیں قربان کرنے والے سپاہیوں، شہداء اور غازیوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ”دھرتی کے لیے سرحدوں پر سینہ سپر ہونے والے بہادر سپوت قوم کا فخر ہیں۔”
انہوں نے کہا کہ قوم پاک فوج کے ہر افسر، ہر جوان، ہر شہید اور ہر غازی کو سلام پیش کرتی ہے، جنہوں نے ایمانی جذبے اور جرات کے ساتھ وطن کا دفاع کیا۔ پاک فوج نے دنیا کو یہ پیغام دیا کہ جنگیں صرف ہتھیاروں سے نہیں، بلکہ ایمان، اتحاد اور یقینِ محکم سے جیتی جاتی ہیں۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ آج کا پاکستان اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے ایک مضبوط، مستحکم اور ناقابلِ تسخیر ایٹمی قوت ہے۔ عوام اپنی مسلح افواج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور ہمیشہ کھڑے رہیں گے۔
