ڈائریکر جنرل پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) عرفان علی کاٹھیا نے کہا ہے کہ پنجاب کے دریاؤں میں 38 سال بعد اتنے بڑے پیمانے پر پانی آیا ہے، آج رات شاہدرہ کے مقام سے بڑا ریلا گزرے گا۔لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان کاٹھیا کا کہنا تھا کہ دریائے راوی میں شاہدرہ کے مقام پر پانی کا بہاؤ 72 ہزار کیوسک ہے، آج رات لاہور اور شاہدرہ کے مقام پر سیلابی ریلے نے گزرنا ہے، جو کہ ایک بڑا چیلنج ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ دریائے راوی میں 1988 کے بعد اتنی بڑی مقدار میں پانی آیا ہے، دریا کے کناروں کو پوری طرح خالی کرا لیا ہے، ریسکیو اورمتعلقہ اداروں نے لوگوں کو دریا کے قریبی علاقوں سے نکال لیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ دریائے راوی میں جسڑ کے مقام پر پانی کا بہاؤ 2 لاکھ 40 ہزار کیوسک ہے، جسڑ کے مقام پر انتہائی اونچے درجے کا ریلا گزر رہا ہے، عوام سے درخواست ہے آئندہ 48 گھنٹے دریائے راوی کے قریب نہ رہے۔
عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ گنڈاسنگھ میں پانی کا بہاؤ 2 لاکھ کیوسک سے زائد ہے، سیلاب سے پنجاب میں بروقت اقدامات کی وجہ سے جانی نقصان نہیں ہوا، سیلاب جب تک رحیم یار خان سے نہیں گزرے گا پنجاب کیلئے چیلنج رہے گا۔ڈی جی پی ڈی ایم اے کا مزید کہنا تھا کہ کہیں پر بھی انتظامات کی کوئی کمی نہیں، دریاؤں کی صورتحال کو مسلسل مانیٹر کیا جا رہا ہے، سیلاب کی صورتحال پر سول وعسکری اداروں کے ساتھ رابطوں میں ہیں، دریائے ستلج میں 10 روز سے اونچے درجے کا سیلاب ہے، سیلاب سے سٹرکچر کو نقصان پہنچنے کا خدشہ نہیں۔