وزیراعظم شہباز شریف نے دریائے چناب، ستلج اور راوی میں شدید سیلاب کے خطرات کے پیش نظر وفاقی وزراء کو خصوصی ہدایات جاری کر دیں۔وزیراعظم نے وزراء کو فوری طور پر پنجاب کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کرنے اور امدادی کارروائیوں کی براہِ راست نگرانی کی ہدایت کی، انہوں نے چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کو صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) سے قریبی رابطہ رکھنے اور مکمل معاونت فراہم کرنے کا حکم دیا۔
انہوں نے واضح کیا کہ متاثرہ علاقوں میں لوگوں کو بروقت اطلاعات فراہم کی جائیں تاکہ انہیں فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا سکے، انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ دریائی گزرگاہوں کے کنارے آباد افراد کے انخلا کے عمل کو مزید تیز اور مؤثر بنایا جائے۔شہباز شریف نے کہا کہ امدادی کارروائیاں مزید تیز کی جائیں اور اداروں کے آپس کے روابط بڑھائے جائیں تاکہ کسی بھی جانی و مالی نقصان کو کم سے کم رکھا جا سکے۔