پاکستان اور ترکیہ نے فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی اور غزہ میں فوری انسانی امداد کی فراہمی کا مطالبہ کر دیا۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار کی ترکیہ کے وزیر خارجہ حکان فیدان سے جدہ میں او آئی سی اجلاس کے موقع پر سائیڈ لائنز ملاقات ہوئی، جس میں ترکیہ کے قائدانہ کردار پر اسحاق ڈار نے اظہارِ تحسین پیش کیا۔
دونوں رہنماؤں نے فلسطین کے ساتھ یکجہتی کا اعادہ کیا، وزرائے خارجہ نے غزہ میں انسانی بحران اور قحط پر تشویش کا اظہار بھی کیا۔ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے غزہ میں فوری انسانی امداد اور ریلیف پہنچانے کی ضرورت پر زور دیا۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان، ترکیہ تعلقات مزید مضبوط بنانے پر بھی اتفاق کیا گیا، دونوں وزرائے خارجہ نے کثیرالجہتی تعاون بڑھانے کا عزم بھی کیا۔