وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے جاپان کے شہر اوساکا میں منعقدہ ورلڈ ایکسپو 2025 میں شرکت کی جہاں ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کو عالمی نمائش کے مقاصد، سرگرمیوں اور منصوبوں سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے "بہتر زندگی کیلئے مستقبل کے معاشرے کی تشکیل” جیسے متاثر کن عنوان کے انتخاب کو سراہا اور کہا کہ ایکسپو 2025 انسانیت کی بھلائی اور خدمات عامہ میں بہتری کیلئے ایک موثر عالمی پلیٹ فارم ہے، ایکسپو میں جدید ٹیکنالوجی، ماحول دوست اقدامات اور عوامی سہولیات سے متعلق جو نظریات پیش کئے جا رہے ہیں وہ قابلِ تقلید ہیں۔
وزیراعلیٰ نے پاکستانی پویلین کا خصوصی دورہ بھی کیا جہاں ان کا والہانہ استقبال کیا گیا، انہوں نے پویلین میں موجود پاکستانیوں اور غیر ملکی سیاحوں سے ملاقات کی، ان کے خیالات سنے اور پویلین کے انتظامات کو سراہا۔مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان کا ثقافتی اور تکنیکی ورثہ عالمی سطح پر روشناس کروانے کیلئے اس طرح کی نمائندگی نہایت اہم ہے، پنجاب کے شہروں کو بھی "فیوچر سٹی” کے جدید تصور کے تحت تعمیر و ترقی دی جائے گی تاکہ شہری زندگی کو ماحول دوست، پائیدار اور تکنیکی طور پر جدید بنایا جا سکے۔وزیراعلیٰ نے جاپانی کمپنی (KUBOTO) کے سٹال کا بھی دورہ کیا جو ماحول دوست خوراک اور زراعت کے جدید حل پیش کر رہا ہے۔
ایکسپو 2025 میں دنیا بھر سے 150 سے زائد جاپانی اور غیر ملکی کمپنیوں نے شرکت کی ہے، وزیراعلیٰ پنجاب کو دنیا کی سب سے بڑی لکڑی سے بنی عمارت "گرینڈ رنگ” کا بھی دورہ کرایا گیا جو 20 میٹر بلند اور 61 ہزار مربع میٹر پر محیط ایک شاہکار تعمیر ہے، نمائش میں "تاریک رات میں قوس قزح” کے عنوان سے پیش کئے گئے واٹر اینڈ لائٹ شو نے بھی سیاحوں کی توجہ خوب سمیٹی۔