سیلاب زدہ علاقوں میں امدادی کاموں کی تکمیل تک کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی، وزیراعظم

سیلاب زدہ علاقوں میں امدادی کاموں کی تکمیل تک کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی، وزیراعظم

وزیر اعظم شہباز شریف نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امداد اور بحالی کا کام مکمل ہونے تک کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔آج (جمعہ) اسلام آباد میں وفاقی کابینہ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے سیلاب سے پیدا ہونے والی صورتحال سے نمٹنے کے لیے صوبائی حکومتوں سے مکمل تعاون کیا ہے۔شہباز شریف نے ریسکیو اور ریلیف آپریشنز میں مسلح افواج کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی فوج لوگوں کو بچانے کے لیے دور دراز اور دشوار گزار علاقوں میں پہنچ گئی۔ اس مقصد کے لیے ہیلی کاپٹر بھی استعمال کیے گئے۔ انہوں نے زور دیا کہ یہ ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے اور ہم مل کر آگے بڑھیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ حالیہ بارشوں اور سیلاب سے خیبر پختونخوا میں چار سو سے زائد سمیت سات سو سے زائد افراد جان کی بازی ہار گئے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ موسمیاتی تبدیلی کے مسئلے سے نمٹنے کے لیے وزارت موسمیاتی تبدیلی کی ذمہ داری بڑھ گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دیگر متعلقہ محکموں کو بھی اس میں اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔گلیات میں دریاؤں میں غیر قانونی تعمیرات کے ساتھ ساتھ درختوں کی کٹائی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ وہ جلد ہی ان مسائل پر بات کرنے کے لیے ایک میٹنگ بلائیں گے، اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ انسانی ساختہ آفات کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔چینی وزیر خارجہ کے دورہ پاکستان کا ذکر کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ چین پاکستان کا ہمہ وقت دوست اور سٹریٹجک پارٹنر ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات ہر گزرتے دن کے ساتھ مضبوط ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چین نے ہمیشہ پاکستان کی حمایت کی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وہ شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں شرکت کے علاوہ دو طرفہ ملاقاتوں کے لیے چین کا دورہ کریں گے۔اس موقع پر حالیہ بارشوں اور سیلاب میں جاں بحق ہونے والوں کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی۔

-- مزید آگے پہنچایے --