وزیر اعلیٰ پنجاب نے جاپانی ڈیری کمپنی مورینا گا کو صوبے میں سرمایہ کاری کی دعوت دیدی

وزیر اعلیٰ پنجاب نے جاپانی ڈیری کمپنی مورینا گا کو صوبے میں سرمایہ کاری کی دعوت دیدی

 وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے جاپانی ڈیری کمپنی موریناگا کو صوبے میں سرمایہ کاری کی دعوت دے دی۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے جاپان کے دورے کے دوران عالمی شہرت یافتہ جاپانی ڈیری کمپنی موریناگا کے ہیڈکوارٹر اور پلانٹ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے کمپنی کو پنجاب میں ڈیری سیکٹر، نوزائیدہ بچوں کی خوراک، بیکری مصنوعات اور برآمدی معیار کے گوشت کی مقامی پیداوار جیسے شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔موریناگا کمپنی گزشتہ 100 سال سے دنیا بھر میں ڈیری مصنوعات کے میدان میں خدمات انجام دے رہی ہے اور پاکستان کے ڈیری سیکٹر میں ترقی کیلئے ایک اہم شراکت دار بن سکتی ہے۔

مریم نواز شریف نے کمپنی کے تحقیق و ترقی شعبے کا بھی معائنہ کیا اور کمپنی کی جانب سے انہیں جامع بریفنگ دی گئی۔وزیراعلیٰ پنجاب نے اپنی گفتگو میں کہا کہ ہم موریناگا کے ڈیری میں تجربات کو پنجاب کیلئے ماڈل بنانا چاہتے ہیں، پنجاب حکومت ڈیری مصنوعات سے متعلق سرمایہ کاری کے ہر شعبے میں کمپنی کو مکمل سہولیات فراہم کرے گی، ایک ماں ہونے کے ناطے بچوں کی نگہداشت میرے لئے ذاتی طور پر بھی نہایت اہم ہے۔ملاقات میں دونوں جانب سے جدید جاپانی مشینری اور ٹیکنالوجی کے استعمال، صحت مند جانوروں کی افزائش اور اعلیٰ معیار کے گوشت کی پیداوار کیلئے تعاون پر اتفاق کیا گیا۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ پاکستان دودھ کی پیداوار کے لحاظ سے دنیا کا چوتھا بڑا ملک ہے جس میں پنجاب کا حصہ 60 فیصد ہے، تاہم پنجاب کا ڈیری سیکٹر ابھی بھی 80 فیصد پرانے اور غیر سائنسی طریقوں پر انحصار کر رہا ہے جس سے پیداوار اور معیار دونوں متاثر ہو رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب میں زراعت اور لائیو سٹاک سے وابستہ 63 فیصد آبادی کو موریناگا کی شراکت داری سے براہ راست فائدہ پہنچے گا، ہم جاپانی کمپنیوں کو خوش آمدید کہتے ہیں اور چاہتے ہیں کہ پنجاب میں ڈیری ڈویلپمنٹ اور ایڈوانس پروٹین نیٹ ورک قائم ہو۔

مریم نواز شریف نے یاد دلایا کہ 2017 میں وزیراعظم نواز شریف اور اس وقت کے وزیراعلیٰ شہباز شریف کے دور میں بھی موریناگا نے پنجاب میں سرمایہ کاری کی تھی، شیخوپورہ میں کمپنی کی سرمایہ کاری کو پنجاب اور جاپان کے درمیان ایک فلیگ شپ شراکت داری کی مثال قرار دیا گیا۔وزیراعلیٰ پنجاب نے موریناگا کے پنجاب میں بزنس ٹرینڈ کو قابل تحسین قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس شراکت داری سے نہ صرف معیاری خوراک کی فراہمی ممکن ہو گی بلکہ پاکستان کی معیشت کو بھی فروغ ملے گا۔

-- مزید آگے پہنچایے --