وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف عالمی جنگ میں ہر اول دستے کا کردار ادا کیا۔دہشت گردی سے متاثرہ افراد کو خراج تحسین پیش کرنے کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان آج دنیا کے ساتھ ہم آواز ہوکر دہشت گردی کے شکار اور متاثرین سے اظہار یکجہتی کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے متاثرین سے اظہار یکجہتی پاکستان کے پرخلوص قومی جذبات کی عکاس ہے، پاکستان کے ہر عمرکے شہری، مسلح افواج، قانون نافذ کرنے والے اداروں نے دہشتگردی سے جنگ کی۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف عالمی جنگ میں ہر اول دستے کا کردار ادا کیا اور دہشت گردی کے ناسور کو بہادری، عزم و ہمت اور قربانیاں دےکر شکست دی۔
شہباز شریف نے کہا کہ دہشت گرد اور دہشت گردی کے واقعات ہماری قومی غیرت و حمیت، امن و خوشحالی کے عزم کو پسپا نہیں کر سکے، پاکستان نے دہشت گردی کی جنگ میں 90 ہزار قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، ہماری ملکی معیشت کو بھی خاطر خواہ نقصان اٹھانا پڑا۔ان کا کہنا ہے کہ پاکستان کا ہر شہر، ہر بستی، شاہراہ، بازار، اسکول دہشت گردی اور متاثرین کی روداد سناتی ہیں، جہاں پاکستانی معاشرہ قربانیوں اورمصائب پر افسردہ ہے، وہیں اپنی بہادری پر فخر سے سر بلند بھی ہے، نوجوان نسل اس عزم کے ساتھ پروان چڑھ رہی ہے کہ ملکی سلامتی کی حفاظت ہر شہری کا فرض ہے۔
وزیر اعظم پاکستان نے کہا کہ وفاقی حکومت اور صوبائی حکومتیں دہشت گردی کو ختم کرنے کے لیےکوشاں ہیں، قانون نافذ کرنے والے ادارے اور انٹیلی جنس ادارے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے کوشاں ہیں۔انہوں نے بتایا کہ آپریشن ضرب عضب، آپریشن ردالفساد اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز سے دہشت گردوں کے عزائم کو شکست دی، سول اور ملٹری انٹیلی جنس اداروں نے ملک عزیز کو بےشمار دہشت گردی کے واقعات سے بچایا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ بحیثیت قوم دہشت گردی کے شکار متاثرین اور شہداء کو سلام پیش کرتے ہیں اور دہشت گردی سے نبرد آزما اداروں کو لائق صد تحسین سمجھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان دہشت گردی کے خلاف ہماری جامع حکمت عملی کا بہترین عکاس ہے، نیشنل ایکشن پلان نظریاتی، انتظامی، ادارہ جاتی اور بیانیہ کے محاذ پر مربوط حکمت عملی بیان کرتا ہے۔شہباز شریف کا کہنا تھا دہشتگردی سے جنگ میں قومی اتحاد اور یکسوئی امن و سلامتی، ترقی و خوشحالی کی ضمانت ہے۔