وزیراعظم شہبازشریف اور فیلڈمارشل عاصم منیر سیلاب زدہ علاقوں کے دورے پر نکل پڑے۔ نجی ٹی وی کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف اور فیلڈمارشل عاصم منیر سب سے پہلے سوات پہنچنے جہاں وفاقی وزیر امیرمقام نے دونوں کا استقبال کیا.حکام کا بتانا ہے کہ وزیراعظم اور فیلڈ مارشل سوات کے بعد بونیر روانہ ہوگئے ہیں جہاں وہ سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ کریں گے۔ خیال رہے کہ خیبر پختونخوا میں حالیہ بارشوں اور سیلاب سے اب تک 350 سے زائد افراد جاں بحق ہوئے ہیں جن میں 228 کا تعلق بونیر سے ہے۔
دوسری جانب این ڈی ایم اے کی جانب سے خیبر پختونخوا کے سیلاب متاثرہ علاقوں کے لیے امدادی سامان کی ترسیل جاری ہے۔ این ڈی ایم اے کے مطابق آج صبح باجوڑ اور مانسہرہ کے لیے دو الگ الگ امدادی کھیپیں روانہ کی گئیں جن میں خیمے،کمبل، جنریٹر، ڈی واٹرنگ پمپس، راشن بیگز اور ادویات شامل ہیں۔ این ڈی ایم اے کے مطابق امدادی سامان سیلاب متاثرین میں تقسیم کے لیے متعلقہ ضلعی انتظامیہ کے حوالے کیا جائے گا، این ڈی ایم اے، مسلح افواج اور فلاحی اداروں کے تعاون سے کے پی اورگلگت بلتستان کے لیے امدادی سامان روانہ کر رہا ہے۔