دریاؤں میں پانی کی سطح بلند، بند ٹوٹنے سے فصلیں اور بستیاں متاثر، مکین مدد کے منتظر

دریاؤں میں پانی کی سطح بلند، بند ٹوٹنے سے فصلیں اور بستیاں متاثر، مکین مدد کے منتظر

حالیہ بارشوں کے باعث دریاؤں میں پانی کی سطح مسلسل بلند ہونے سے پنجاب کے مختلف علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔دریائے ستلج میں پاکپتن کے علاقے ملک بہاول کے قریب حفاظتی بند ٹوٹنے سے دریا کا پانی دھان اور دیگر فصلوں میں داخل ہو گیا، مقامی افراد کا کہنا ہے کہ انہوں نے کئی روز سے اپنی مدد آپ کے تحت بند باندھ رکھا تھا اور بارہا حکام سے مدد کی اپیل بھی کی مگر تاحال کوئی سرکاری مدد نہیں پہنچی، اہل علاقہ نے ایک بار پھر حکومت سے فوری امداد کی اپیل کی ہے۔

دوسری جانب عارف والا میں نچلے درجے کی سیلابی صورتحال مسلسل برقرار ہے، بستی مینگل، فرید نگر اور دیگر چھوٹی بستیاں پانی کی لپیٹ میں آگئی ہیں، پانی کے تیز بہاؤ سے مختلف مقامات پر زمینداروں کے عارضی بند ٹوٹ گئے، جس کے باعث بڑی تعداد میں کھڑی فصلیں تباہ ہوگئیں۔ریسکیو ذرائع کے مطابق اب تک 50 سے زائد افراد کو سیلابی علاقوں سے محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے۔

ادھر قصور میں ہیڈ گنڈا سنگھ پر دریائے ستلج کی سطح 19.40 فٹ ریکارڈ کی گئی جبکہ پانی کا بہاؤ 68 ہزار 200 کیوسک تک پہنچ گیا ہے۔حاکو والا گاؤں میں پانی گھروں اور کھیتوں میں داخل ہوگیا، ضلعی انتظامیہ کی جانب سے فلڈ ریلیف کیمپ قائم کر دیئے گئے ہیں اور امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔ڈپٹی کمشنر عمران علی کے مطابق بارشوں کے حالیہ الرٹ کے باعث پانی کی سطح میں مزید اضافے کا خدشہ ہے۔

-- مزید آگے پہنچایے --