وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت پاک چین دوستی کو نئی بلندیوں تک لے جانے کی خواہاں ہے۔وہ چینی گارمنٹس گروپ چیلنج فیشن پرائیویٹ لمیٹڈ کے وفد سے گفتگو کر رہے تھے جس نے آج (جمعہ) اسلام آباد میں ان سے ملاقات کی۔ چینی وفد کی قیادت گروپ کے چیئرمین ہوانگ ویگو نے کی۔وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی دنیا میں منفرد مقام رکھتی ہے کیونکہ دونوں ممالک مشکل کی ہر گھڑی میں ایک دوسرے کے شانہ بشانہ کھڑے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعلقات میں اضافہ اطمینان کا باعث ہے۔شہباز شریف نے کہا کہ حکومت چاہتی ہے کہ چینی صنعتیں پاکستان میں اپنے یونٹس لگائیں۔ انہوں نے پاکستانی مارکیٹ میں چینی گارمنٹس گروپ چیلنج فیشن گروپ کے اعتماد کو سراہا۔ انہوں نے چیلنج گروپ کی جانب سے پاکستان میں اسپیشل اکنامک زون کے قیام کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ اس سے ٹیکنالوجی کی منتقلی، مہارت کی ترقی اور پائیدار صنعتی ترقی میں مدد ملے گی۔
وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ اسپیشل اکنامک زون کے حوالے سے چیلنج گروپ کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت چین پاکستان اقتصادی راہداری کے صنعتی جزو کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان ٹیکسٹائل کے شعبے میں چین کی ترقی اور مہارت سے فائدہ اٹھانا چاہتا ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ چین پاکستان بزنس ٹو بزنس کانفرنس جلد چین میں منعقد کی جائے گی، اور مزید کہا کہ اس سے چین اور پاکستان کے نجی اداروں کو تعاون کا موقع ملے گا۔
اپنے ریمارکس میں چائنیز گارمنٹس گروپ کے چیئرمین نے اپنے وفد کی بہترین مہمان نوازی پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ چین کے گروپ چیلنج فیشن گروپ نے 2014 سے اب تک پاکستان میں سترہ ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کی ہے۔
وزیراعظم کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ اس خصوصی اقتصادی زون کے ذریعے آئندہ پانچ سالوں میں ایک سو ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کی جائے گی جس سے چار سو ملین ڈالر کی متوقع برآمدات ہوں گی۔بعد ازاں وزیراعظم نے چیلنج گروپ اسپیشل اکنامک زون کا افتتاح کیا۔