شہباز شریف کی جی بی میں 100 میگاواٹ کا سولر پراجیکٹ ایک سال کے اندر مکمل کرنے کی ہدایت

شہباز شریف کی جی بی میں 100 میگاواٹ کا سولر پراجیکٹ ایک سال کے اندر مکمل کرنے کی ہدایت

وزیراعظم محمد شہبازشریف نے گلگت بلتستان میں ایک سو میگاواٹ کا سولر پراجیکٹ ایک سال میں مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔وہ آج اسلام آباد میں گلگت بلتستان کے لیے 100 میگاواٹ کے سولر پراجیکٹ پر پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے ایک اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ وزیراعظم نے کہا کہ وہ ذاتی طور پر اس منصوبے کی نگرانی کریں گے۔انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں کم لاگت اور ماحول دوست بجلی کی بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے سولر پراجیکٹ کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے گا۔شہباز شریف نے مزید ہدایت کی کہ پراجیکٹ کے پورے انفراسٹرکچر کو موسمیاتی لچکدار بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت اس منصوبے کی تمام تر فنڈنگ فراہم کرے گی جو گلگت سے اندھیروں کو دور کرنے کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ سولرائزیشن گلگت بلتستان اور دور دراز علاقوں کے عوام کو اٹھارہ سے بیس گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ سے نجات دلانے کے لیے بجلی کی فراہمی کا سب سے موزوں حل ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ گلگت بلتستان کے عوام کو کم لاگت اور ماحول دوست بجلی بھی فراہم کرے گا۔شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کو موسمیاتی تبدیلیوں کے مضر اثرات سے بچانے کے لیے قابل تجدید ذرائع کو توانائی کے مکس کے ساتھ ملانا ہو گا۔انہوں نے ہدایت کی کہ گلگت بلتستان میں ہائیڈل اور سولر ذرائع سے بجلی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے تاکہ شدید موسمی حالات میں عوام کو بجلی کی بندش سے نجات مل سکے۔

-- مزید آگے پہنچایے --