ویسٹ انڈیز کیخلاف ون ڈے کا ڈیبیو کرنے اور ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کرکے مین آف دی میچ حاصل کرنے والے بیٹر حسن نواز کا کہنا ہے کہ ان کی کوشش تھی کہ ڈیبیو میچ کو یادگار بناؤں اور مین آف دی میچ بنوں، ان کا کہنا تھا کہ محمد رضوان کے ساتھ بیٹنگ شراکت داری کامیابی کی سب سے بڑی وجہ تھی۔ حسن نواز کے مطابق جب وہ کریز پر موجود تھے تو رضوان نے انہیں کہا کہ "یہ تمہاری ڈیوٹی ہے، میچ تمہیں ہی ختم کرنا ہے”۔
حسن نواز نے کہا کہ ابتدا میں ان کا پلان محتاط کھیل پیش کرنے کا تھا تاکہ وکٹیں محفوظ رہیں، جبکہ آخری اوورز میں بڑے شاٹس لگا کر ہدف حاصل کیا جائے۔ انہوں نے بتایا کہ دورانِ میچ بارش اور شائقین کے جوشیلے ردعمل کے باوجود دونوں کھلاڑی پرسکون رہے اور حکمت عملی پر قائم رہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ڈومیسٹک کرکٹ میں بھی وہ ایسے حالات سے گزر چکے ہیں، اس لیے وکٹ پر شراکت داری قائم رکھنا اولین ترجیح تھی۔ بعد میں دونوں بیٹسمینوں نے جارحانہ انداز اپنایا اور میچ ٹیم کے حق میں ختم کیا۔
حسن نواز نے بابر اعظم، محمد رضوان اور دیگر سینئر کھلاڑیوں کو اپنا رول ماڈل قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کے کھیلنے کا انداز ان کے لیے ایک سبق ہے اور اس میچ میں رضوان کا کردار "انتہائی اہم” رہا۔ انہوں نے بتایا کہ ایک موقع پر جب ایک اہم بلے باز جلد آؤٹ ہو گیا تو رضوان نے نہ صرف ان کا حوصلہ بڑھایا بلکہ اننگز کو بھی سنبھالا۔
انہوں نے آخر میں تسلیم کیا کہ فیلڈنگ میں کچھ غلطیاں ہوئیں جن سے مخالف ٹیم نے فائدہ اٹھایا، تاہم مجموعی منصوبہ بندی اور شراکت داری نے ٹیم کو کامیابی دلائی۔