وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطااللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان اور ایران خطے میں استحکام کو فروغ دینے، باہمی تعاون کو مضبوط بنانے اور مختلف شعبوں میں اہم اقدامات کو آگے بڑھانے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ایرانی خبر رساں ایجنسی “ارنا” کو آج (جمعہ) کو دیے گئے خصوصی انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک علاقائی امن و استحکام قائم رکھنے والے کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزیشکیان کے دورۂ اسلام آباد کے بارے میں بات کرتے ہوئے عطااللہ تارڑ نے کہا کہ یہ دورہ دونوں پڑوسی ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں مدد دے گا۔
انہوں نے کہا کہ ایرانی صدر کا سرکاری دورہ ایک اہم سنگ میل ہے اور حالیہ مہینوں میں سفارتی تعلقات میں مثبت پیش رفت کا تسلسل ہے۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ ایران اور پاکستان کے درمیان شاندار تعلقات ہیں، جو گزشتہ مہینوں میں اعلیٰ سطح پر مزید مضبوط ہوئے ہیں۔انہوں نے سابق ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کے گزشتہ سال پاکستان کے دورے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس دورے کے دوران مضبوط تعلقات کی بنیاد رکھی گئی، جس میں تجارت، سرمایہ کاری اور دیگر باہمی دلچسپی کے شعبوں میں معاہدے طے پائے۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزیشکیان کل (ہفتہ) کو پاکستان کے سرکاری دورے پر آ رہے ہیں۔