ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزیشکیان ہفتے کو پاکستان کا دو روزہ سرکاری دورہ کریں گے۔وہ وزیراعظم شہباز شریف کی دعوت پر پاکستان آ رہے ہیں۔ ایرانی صدر کے ہمراہ اعلیٰ سطحی وفد بھی ہوگا جس میں وزیر خارجہ سید عباس عراقچی، سینئر وزراء اور دیگر اعلیٰ حکام شامل ہوں گے۔دورے کے دوران ایرانی صدر پاکستان کے صدر آصف علی زرداری سے ملاقات کریں گے اور وزیراعظم شہباز شریف کے ساتھ وفود کی سطح پر مذاکرات کریں گے۔ یہ ڈاکٹر پزیشکیان کا بطور ایرانی صدر پاکستان کا پہلا سرکاری دورہ ہے۔اس سے قبل وزیراعظم شہباز شریف 26 مئی کو ایران کا دورہ کر چکے ہیں۔ ایرانی صدر کے اس دورے سے پاکستان اور ایران کے درمیان برادرانہ تعلقات مزید مضبوط ہونے کی توقع ہے۔
