پاکستان آرمی اور پی ایل اے حقیقی معنوں میں "برادر افواج”ہیں، فیلڈ مارشل

پاکستان آرمی اور پی ایل اے حقیقی معنوں میں "برادر افواج”ہیں، فیلڈ مارشل

آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان آرمی اور چین کی پیپلز لبریشن آرمی (پی ایل اے) کے درمیان پائیدار شراکت داری خطے کے استحکام کو فروغ دینے اور مشترکہ اسٹریٹجک مفادات کے تحفظ میں اہم کردار ادا کرتی رہے گی۔وہ جمعہ کے روز راولپنڈی میں پیپلز لبریشن آرمی کے قیام کی 98ویں سالگرہ کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔فیلڈ مارشل عاصم منیر نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان آرمی اور پی ایل اے حقیقی معنوں میں "برادر افواج” ہیں۔ انہوں نے پاکستان اور چین کے تعلقات کی طاقت اور اسٹریٹجک اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلق ایک منفرد، آزمودہ اور انتہائی مضبوط رشتہ ہے جو بدلتے ہوئے علاقائی و عالمی چیلنجز کے باوجود قائم ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کا اسٹریٹجک رشتہ باہمی اعتماد، غیر متزلزل حمایت اور مشترکہ عزم کا مظہر ہے۔

فیلڈ مارشل نے اس بات پر زور دیا کہ بدلتی ہوئی اسٹریٹجک صورتحال کے باوجود دونوں ممالک کی دوستی میں کوئی لغزش نہیں آئی۔تقریب کے مہمان خصوصی چین کے سفیر جیانگ زائیڈونگ تھے۔ اس موقع پر چین کے ڈیفنس اتاشی میجر جنرل وانگ ژونگ، چینی سفارتخانے کے دیگر حکام، اور پاکستان کی تینوں مسلح افواج کے سینئر افسران بھی موجود تھے۔فیلڈ مارشل نے چینی مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور پی ایل اے کی 98ویں سالگرہ پر مبارکباد دی۔ انہوں نے پی ایل اے کے چین کے دفاع، سیکیورٹی اور قومی تعمیر میں کردار کو سراہا۔چینی سفیر جیانگ زائیڈونگ نے اپنی تقریر میں تقریب کے انعقاد پر آرمی چیف کا شکریہ ادا کیا اور پاکستان کی مسلح افواج کے انسداد دہشتگردی میں کردار کی تعریف کی۔ انہوں نے پاکستان کے ساتھ چین کی اسٹریٹجک شراکت داری میں غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔

-- مزید آگے پہنچایے --