پاکستان فلسطینی بہن بھائیوں کی سفارتی اور اخلاقی مدد جاری رکھے گا، وزیرِاعظم

پاکستان فلسطینی بہن بھائیوں کی سفارتی اور اخلاقی مدد جاری رکھے گا، وزیرِاعظم

وزیرِاعظم محمد شہباز شریف اور امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا، جس میں دونوں رہنماؤں نے غزہ میں نہتے فلسطینیوں پر جاری اسرائیلی بربریت پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔وزیرِاعظم نے اسرائیل کی جانب سے غزہ میں انسانی بنیادوں پر دی جانے والی امداد کی ترسیل کی بندش اور اس کے نتیجے میں پیدا ہونے والی شدید غذائی قلت کی سخت الفاظ میں مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ غزہ میں روز بروز بڑھتے ہوئے انسانیت سوز صہیونی مظالم ناقابلِ برداشت ہیں۔

وزیرِاعظم نے واضح کیا کہ پاکستان اسرائیل کی جانب سے امداد کی بندش کے خاتمے اور بھوک سے بلکتے بچوں، خواتین سمیت فلسطینی عوام تک اشیاءِ خوردونوش کی بحالی کے لیے ہر سطح پر سفارتی کوششیں جاری رکھے گا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نہتے فلسطینی بہن بھائیوں کی سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا اور عالمی فورمز پر ان کی آواز بن کر صہیونی مظالم کے خلاف بھرپور انداز میں آواز بلند کرتا رہے گا۔

وزیرِاعظم نے الخدمت فاؤنڈیشن کی فلسطینی عوام کے لیے ملک گیر امدادی مہم کو بھی سراہا اور کہا کہ جہاں حکومت پاکستان سفارتی ذرائع سے غزہ میں امدادی سامان پہنچا رہی ہے، وہیں الخدمت فاؤنڈیشن نے ملک گیر مہم چلا کر غزہ میں امدادی سامان کی ترسیل یقینی بنائی۔امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ فلسطینی رہنماؤں نے مجھ سے رابطہ کیا ہے اور اپیل کی ہے کہ وزیراعظم پاکستان غزہ میں جنگ بندی، غذائی امداد کی فراہمی کے لیے قائدانہ کردار ادا کریں کیونکہ فلسطینی عوام اور پورا عالم اسلام، پاکستان اور اس کی قیادت سے بڑی امیدیں رکھتے ہیں۔ وزیراعظم اسلامی ممالک سمیت بین الاقوامی برادری سے خصوصی رابطہ کریں اور لیڈنگ رول ادا کریں۔

-- مزید آگے پہنچایے --