وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ انفارمیشن سروس کے افسران ملک کی نظریاتی سرحدوں کے اولین محافظ ہیں۔وہ انفارمیشن سروس اکیڈمی اسلام آباد میں41 ویں خصوصی تربیتی پروگرام کی پاسنگ آؤٹ تقریب سے خطاب کرتے رہے تھے۔وزیر اطلاعات نے زور دیا کہ وزارت اطلاعات و نشریات حکومت کے امور کی انجام دہی کے ساتھ ساتھ بیرون ملک پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کرنے اور ملکی ترقی کا بیانیہ تشکیل دینے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔وزیر اطلاعات نے حالیہ پاک بھارت جنگ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پہلی جنگ اطلاعات کے محاذ پر لڑی گئی ۔انہوں نے اس عرصے کے دوران حاصل ہونے والی کامیابی میں پوری وزارت اطلاعات و نشریات کے اہم کردار کو اجاگر کیا۔عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ انفارمیشن سروس میں گمنام ہیروز کی ایک طویل فہرست ہے جنہوں نے ملک کے لیے شاندار خدمات انجام دیں۔انہوں نے کہا کہ ان گمنام ہیروز کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے حال ہی میں ایک نیا سلسلہ شروع کیا گیا ہے ۔
