کراچی کسٹمز اور رینجرز نے کارروائی کرتے ہوئے گوداموں سے کروڑوں کی غیر ملکی اسمگلڈ اشیاء برآمد کرلیں۔کلکٹریٹ آف کسٹمز انفورسمنٹ کراچی کے اینٹی اسمگلنگ آرگنائزیشن (اے ایس او) نے رینجرز کے ساتھ مشترکہ آپریشن کے دوران کروڑوں روپے مالیت کی غیر ملکی اسمگلڈ اشیاء برآمد کیں۔ترجمان کسٹمز کے مطابق کسٹمز انسداد اسمگلنگ آرگنائزیشن اور رینجرز کے مشترکہ آپریشن کے دوران ٹرمینل پر قائم مختلف گوداموں کی تلاشی لی گئی۔
تلاشی کے دوران اسمگل کیاگیا خشک دودھ،چائنیز سالٹ، غیر ملکی کپڑا، ٹائلز، کراکری، آٹو اسپیئر پارٹس سمیت دیگر سامان برآمد کرلیاگیا۔ترجمان نے بتایا کہ ضبط شدہ سامان کو قانونی کارروائی، جانچ پڑتال اور حتمی تخمینے کے لیے کسٹمز گودام منتقل کردیا گیا ہے جب کہ مقدمہ کسٹم ایکٹ کے تحت درج کر لیا گیا ہے۔