حکومت ایف بی آرکے اصلاحاتی ایجنڈے پرعملدرآمدکیلئے پرعزم ہے،وزیرخزانہ

حکومت ایف بی آرکے اصلاحاتی ایجنڈے پرعملدرآمدکیلئے پرعزم ہے،وزیرخزانہ

وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ حکومت ایف بی آر کیلئے وزیراعظم شہبازشریف کے منظورکردہ اصلاحاتی منصوبے پر عملدرآمد کرنے کیلئے پر عزم ہے۔

انہوں نے یہ بات آ ج (منگل) اسلام آباد میں وفاقی حکومت کی رائٹ سائزنگ کے بارے میں کابینہ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔

وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری اور متعلقہ وزارتوں اور ڈویژنز کے اعلیٰ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔

توانائی ڈویژن نے کمیٹی کو بجلی کی منصوبہ بندی اور نگرانی کی کمپنی کے بارے میں تفصیلی پریزنٹیشن دی جس میںاس کے ادارہ جاتی پس منظر ،تذویراتی طریقہ کار، بڑی کامیابیوں، اہم سرگرمیوں میں ہونے والی پیشرفت اور مستقبل کے لائحہ عمل کے بارے میں بتایا گیا۔

پریزنٹیشن میں بجلی کی منصوبہ بندی اور نگرانی کی کمپنی کے بجلی کے شعبے میں منصوبہ بندی اور کارکردگی کا جائزہ لینے سے متعلق اس کے کلیدی کردار کو مزید وسعت دینے پر توجہ مرکوز کی گئی اور شواہد پر مبنی پیشگوئی کرنے، نظام کی استعداد کار بڑھانے اور شعبہ جاتی روابط کو فروغ دینے پر خصوصی توجہ دی گئی۔

لاء ڈویژن نے بھی اپنی سرگرمیوں، کارکردگی، رائٹ سائزنگ کے جاری اقدامات اور سرکاری پالیسی اور خدمات کی فراہمی کے وسیع تر اثرات کے بارے میں پریزنٹیشن دی۔

کابینہ کمیٹی نے سفیر سلمان احمد کی قیادت میں رائٹ سائزنگ کے بارے میں ذیلی کمیٹی کی جانب سے ریونیو ڈویژن کے تنظیمی لائحہ عمل سے متعلق پیش کردہ متعدد تجاویز پر غور کیا۔

تجاویز میں ادارہ جاتی اصلاحات کی وسیع تر حکمت عملی وضع کی گئی جس کا مقصد ادارہ جاتی استعداد کار بڑھانا، انسانی وسائل کی تعیناتی کا عمل مؤثر بنانا اور قومی اہداف کو پورا کرنا ہے۔

-- مزید آگے پہنچایے --