صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں جس کے باعث شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔زلزلے کے شدید جھٹکے پنجاب کے شہروں قصور، اوکاڑہ، شیخوپورہ، گوجرانوالہ، مریدکے، کامونکے اور ننکانہ میں بھی محسوس کیے گئے ہیں۔زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 4.4 ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ گہرائی 12 کلو میٹر تھی، زلزلے سے عمارتیں لرز گئیں، لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں اور دفاتر سے باہر نکل آئے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق زلزلے کے نتیجے میں فوری طورپر کسی جانی اور مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے۔دوسری جانب ڈائریکٹر جنرل پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے کہا ہے کہ پنجاب بھر کی انتظامیہ عمارتوں کی چیکنگ میں مصروف ہے، زلزلے کے آفٹر شاکس سے نمٹنے کے لیے مشینری اور عملے کو الرٹ رکھا گیا ہے۔
یاد رہے کہ حالیہ چند ہفتوں میں کراچی میں زلزلے کے جھٹکے تواتر کے ساتھ محسوس کیے گئے ہیں، اس کے علاوہ خیبرپختونخوا، بلوچستان میں بھی وقفے وقفے کے ساتھ زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے جاتے رہے ہیں۔پنجاب میں زلزلوں کے جھٹکے نسبتاً کم محسوس کیے گئے ہیں تاہم زلزلوں کے جھٹکے کا تازہ سلسلہ صوبے کے کئی شہروں تک پہنچا ہے۔